حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے امام جمعہ اور حرمِ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے متولی آیت اللہ سید محمد سعیدی نے صوبائی انتظامی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہبرِ شہید، فوجی کمانڈروں، سائنس دانوں، معصوم بچوں اور حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق شہداء مرتے نہیں بلکہ زندہ ہیں اور اپنے پروردگار کے ہاں رزق پا رہے ہیں۔ یہی اسلامی ثقافت شہادت کو دائمی اور باعزت زندگی کا آغاز قرار دیتی ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے کہا کہ دشمن بخوبی جانتا ہے کہ ایران کی طاقت کا راز عوام کا ولایت اور انقلاب اسلامی سے مضبوط تعلق ہے، اسی لیے اس نے رہبر، فوجی کمانڈروں، سائنس دانوں اور دیگر اہم شخصیات کو نشانہ بنا کر قوم کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی، مگر ایرانی عوام نے بصیرت اور اتحاد کے ساتھ اس سازش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے مسلح افواج کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مضبوط اور فیصلہ کن جواب نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے اور اسے شدید ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
قم کے امام جمعہ نے رہبرِ شہید کی تشییع کو غیر معمولی اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب صرف الوداعی مراسم نہیں بلکہ ملتِ ایران کی ولایت، انقلاب اسلامی اور شہداء کے مشن سے وفاداری کی تجدید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں عوام کا ہر قدم انقلاب اور راہ مزاحمت کی حمایت کا اعلان ہوگا اور دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ ایرانی قوم ہر قسم کی دھمکی اور دباؤ کے باوجود اپنے اصولوں پر ثابت قدم ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ عاشورا کی ثقافت ملتِ ایران کو ظلم کے خلاف استقامت، ایثار اور عزت کا درس دیتی رہے گی، اور ایرانی عوام اتحاد، بصیرت اور ولایت کی پیروی کے ساتھ شہداء کے راستے پر گامزن رہیں گے۔









آپ کا تبصرہ